افغانستان میں بدلتی صورتحال: وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

Published On 16 August,2021 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کو قومی سلامتی امور اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں سول و عسکری قیادت اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق اہم بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی، اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں مشاورت کے بعد ہم اپنا موقف پیش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے عاشورہ کے بعد افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے روابط کی ہدایت کی، روابط کا مقصد ان ممالک کے ساتھ مشاورت اور متفقہ لائحہ عمل بنانا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے، دنیا امن و استحکام کی خواہاں ہے، دنیا توقع کرتی ہے کہ بھارت مثبت کردار ادا کرے گا، خطے کی بہتری کے لئے بھارت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔