مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، یورپی پارلیمنٹیرینز کا اظہار تشویش پر مبنی خط، پاکستان کا خیرمقدم

Published On 31 July,2021 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر یورپی پارلیمنٹیرینز کے یورپی کمیشن کو لکھے گئے خط کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ یورپی پارلیمنٹیرینز کے یورپی کمیشن کو خط سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا مسلسل بھارتی پراپیگنڈہ بے سود اور ناکام ثابت ہوا۔ جھوٹے اور خلاف حقیقت بیانیے کو پھیلانے کے لئے بھارت کا ایڑی چوٹی کا زور کام نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بہیمانہ جبر و استبداد میں اضافے پر سلامتی کونسل میں تین مرتبہ مسئلہ جموں و کشمیر زیرغور آچکا ہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی دو رپورٹس میں آزاد کمیشن کے ذریعے بھارتی زیر قبضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ دنیا بھر کے ایوانوں میں جموں و کشمیر کے مسئلے پر بحث ہوئی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کیا۔

زاہد حفیظ چودھری نے مزید کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کے مطالبات سے مودی سرکار آنکھیں چرا نہیں سکتی، آخر کار بھارت کو اقوام عالم کے سامنے ہتھیار ڈالنا پڑیں گے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اقدامات اُٹھانے پڑیں گے۔