جنوبی افریقا: احتجاج میں 10 ہلاک، پاکستانیوں کی املاک نذر آتش، وزیراعظم سے مدد کی اپیل

Published On 13 July,2021 10:45 pm

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا میں سابق صدر جیکب زوما کو سزا کے خلاف احتجاج جاری ہے، جوہانسبرگ میں لوٹ مار کے دوران بھگدڑ مچنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے ، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 45 تک پہنچ گئی، مشتعل افراد نے پاکستانیوں کی املاک کو بھی نذر آتش کردیا، اوورسیز پاکستانیوں نے وڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کردی

لوٹ مار ، توڑ پھو، پکڑ دھکڑ جنوبی افریقا پر تشدد مظاہروں کی لپیٹ میں آگیا، جنوبی افریقا کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں لوٹ مار کے دوران بھگدڑ مچنے سے10افراد ہلاک ہوگئے۔

جنوبی افریقہ میں حالات گذشتہ ماہ خراب ہوئے جب سابق صدر جیکب زوما کو کرپشن کے الزا م میں عدالت نے 15 ماہ کی سزا سنائی۔ سابق صدر نے حامیوں سے احتجاج کی اپیل کر دی۔

کئی روز سے جاری پر تشدد مظاہروں میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، مظاہرین نے ملک بھر میں کئی شاپنگ مالز، ہوٹلز اور پٹرول پمپس کو لوٹ لیا، حکومت نے حالات پر قابو پانے کے لئے کئی علاقوں میں فوج تعینات کر دی۔

جنوبی افریقا میں بسنے والے پاکستانیوں پر بھی سیاہ فام مظاہرین نے ہلہ بول دیا، کئی لوگوں کی دکانوں اور شورومز کو لوٹ کر آگ لگا دی گئی، ساؤتھ افریقا میں پھنسے پاکستانیوں نے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان سےمدد کی اپیل کی ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر نے کہا ہے کہ لوٹ مار کے بعد ملک میں غذائی اجناس اور ادویات کی قلت کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔