لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس کے دوران صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اجلاس میں جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعلیٰ نے تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تحقیقات کو سائنٹیفک اندازسے آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں قرار واقعی سزاکے حقدار ہیں،معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں- عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذمہ دار اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے- انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔