لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو، بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا۔ بہترین اور متوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے۔
تفصیل کے مطابق انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن، اراکین صوبائی اسمبلی گلریز افضل اور محمد طارق تارڑ کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بہترین بجٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویز ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریے مثبت ہو چکے ہیں۔ بجٹ آسانی سے منظور ہوگا۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔