لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے کسانوں کا کردار قابل تحسین ہے، وزیر اعظم وعدے کے مطابق کسانوں کیساتھ کھڑے ہیں، کاشتکاروں سے کسی قسم کے ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی کے پاس کردہ شوگر فیکٹریز ترامیمی ایکٹ کی گورنر پنجاب چودھری سرور نے منظوری دے دی، جس کے بعد اس کا صوبہ بھر میں اطلاق کر دیا گیا۔ چودھری سرور نے کہا کہ شوگر ملز کو پابند کر دیا ہے وہ 45 دن کے اندر کاشتکاروں کو مکمل ادائیگی کر ینگی، گنے کے کاشتکاروں کو شو گر ملز سے پیسے لینے کیلئے اب دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔
ایکٹ کے بعد شوگر ملز گنے کے کاشتکاروں کو 45 روز میں بنکوں کے ذریعے ادائیگی کرنے کی پابند ہوں گی۔ شوگر فیکٹریز ترامیمی ایکٹ پنجاب 1950 میں کاشتکاروں کی سہولتوں کیلئے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے ایکٹ 2021 میں شوگر ملز کو کسانوں کو ادائیگی کے حوالے سے بھی نئی شق شامل کر دی گئی۔
ترامیمی ایکٹ کے تحت پنجاب میں شوگر ملز حکومت کی مقررہ تاریخ پر ہی گنے کی کرشنگ کر سکیں گی۔ مقررہ وقت پر گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنیوالے شوگر ملز کے خلاف ایکشن بھی لیا جائیگا۔ نئے ایکٹ کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنیوالی شوگر ملز سے کین کمشنر ریکوری کروائینگے۔