اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال 2021-22ء کے مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ میں رواں مالی سال 2020-21ء کے مقابلہ میں 535000 ملین روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
جمعہ کو یہاں پیش کیے گئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے پاکستان کے مجموعی ترقیاتی بجٹ کے لیے 2135000ہزار ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ جاری مالی سال کے لیے ملک کے مجموعی ترقیاتی بجٹ کے لیے 1600000 ملین روپے مختص کیے گئے تھے۔
اس طرح رواں مالی سال کے مقابلہ میں آئندہ مالی سال 2021-22 کے لیے ملک کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں 535000 ملین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ میں آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ 900000 ملین روپے ہے جبکہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کے تحت 1235000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ میں مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ کے تحت 16 لاکھ ملین روپے مختص کیے گئے تھے جن میں وفاق کے ترقیاتی بجٹ کا حصہ 650000 ملین روپے جبکہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کے تحت950000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران غیرملکی امداد کی مد میں مجموعی طور پر 322475.325 ملین روپے جبکہ حکومت کے اپنے وسائل کے تحت 1277524.675 ملین روپے مختص کیے گئے تھے۔
آئندہ مالی سال 2021-22 کے دوران پاکستان کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں غیرملکی امداد کی مد میں 2902000 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے وسائل سے ملک بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے1843000 ملین روپے کے فنڈز فراہم کریں گی۔
آئندہ مالی سال کے مجموعی قومی ترقیاتی پروگرام کے لیے غیرملکی امداد کی مد میں مختص کردہ بجٹ میں رواں مالی سال کے مقابلہ میں 30475.325 ملین روپے کی کمی ہوئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اپنے وسائل سے فنڈز کی فراہمی کے حوالہ سے رواں مالی سال کے مقابلہ میں آئندہ مالی سال کے لیے مختص بجٹ میں 565475.325ملین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔