وزیراعظم عمران خان کی کینیڈا میں مسلمان خاندان پر حملے کی شدید مذمت

Published On 08 June,2021 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا میں مسلمان خاندان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا واقعہ مغرب میں بڑھتے اسلامو فوبیا کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان پر حملے کا سن کر افسوس ہوا، دنیا کو مذہبی شدت پسندی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کینیڈا میں جنونی ٹرک ڈرائیور نے پاکستانی مسلم خاندان کو کچل دیا، حملے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق اور ایک بچہ شدید زخمی ہوا۔ کینیڈا کی مسلم تنظیموں نے واقعے کو دہشت گردی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے بیس سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔ کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ مسلمان خاندان کے چار افراد کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گاڑی کے نیچے روند کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا۔ حکام کے مطابق مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ادھر کینیڈا کے وزیرا عظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، واقعے کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ لوگوں نے کہا ہے کہ انہیں نا بتایا جائے کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا وجود نہیں ہے۔