اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے وار تھم نہ سکے، ملک بھر میں کورونا سے مزید 76 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 52 ہزار 427 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔
جان لیوا وائرس کے وار جاری، اموات اور نئے کیسز کا سلسلہ رک نہ سکا، ملک میں مزید 76 افراد انتقال کر گئے، مجموعی اموات کی تعداد21 ہزار 265 ہو گئی ،مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ ایک صفر ریکارڈ کی گئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں ایک ہزار 629 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9لاکھ 32 ہزار 140 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا شرح 2 فیصد کےقریب ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا شرح میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرضلع میں ویکسین موجود ہے، کوشش ہے ہر دیہی و شہری علاقے میں ویکسین پہنچا دیں۔ پنجاب میں کورونا کی شرح 2 فیصد تک آ گئی، پارکس اور مزارات کھول دیئے، انڈور شادیوں پر پابندی ختم نہیں ہوئی، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن اور رات آٹھ بجے کے بعد تجارتی سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے۔