اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ماحول اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے تعاون کرے۔
انہوں نے ماحولیاتی نظام کی بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے عشرے کے بارے میں GALA کے افتتاح سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کے تیزی سے خاتمے اور ماحولیات کے گرتے ہوئے معیار کو روکا جانا چاہیے۔ ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایک ارب درخت لگانے کا سونامی منصوبہ مکمل کر لیا ہے اور اب ہم دس ارب درخت لگانے کے ایک اور ہدف کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں نیشنل پارکس کی تعداد بڑھانے کا ایک پروگرام شروع کیا ہے اور اب تک ملک کے مختلف حصوں میں ایسے نو پارکس قائم کیے جا چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت MANGROVES میں اضافے پر بھی خاص توجہ دے رہی ہے جس سے بڑی مقدار میں آکسیجن کا تحفظ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا جی ہم سیلابی پانی کے استعمال سے اپنے کچے کے علاقے بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ زیر زمین پانی کی سطح بلند کی جا سکے اور پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوسکے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کیلئے ایسے روزگار پیدا کئے جائیںگے جن سے درختوں میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دور دراز علاقوں میں اپنے عوام بالخصوص خواتین کو اس شعبے میں اسی ہزار آسامیاں فراہم کی ہیں جہاں وہ نرسریاں لگا رہے ہیں۔