اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں ہر جگہ مافیاز بیٹھے ہیں، ان کی کوشش ہے حکومت فیل ہو، یہ اپنے مفادات کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، خود کو جمہوری کہنے والے فوج سے کہہ رہے ہیں حکومت گرادو۔
لودھراں ملتان شاہراہ کی بحالی کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم آئے تو پہلے ہفتے ہی شروع ہو گیا تھا کہ کدھر ہے نیا پاکستان، ہم نے ڈھائی سال بڑے صبر سے گزارے، ہمیں بڑے مشکل وقت سے گزرنا پڑا، ایسا تاثر پیدا کیا گیا کہ بٹن دباتے ہی نیا پاکستان بن جائے گا، اپوزیشن نے تو تنقید کرنی تھی، انہیں پتا تھا این آر او نہیں ملے گا، کوئی بھی معاشرہ کوشش کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی ایک جدوجہد کا نام ہے، پاکستان کو بدلنے کیلئے بہت بڑی جدوجہد چل رہی ہے، پاکستان کی یہ جدوجہد مستقبل کیلئے بہت اہم ہے، آزادی کی تحریک میں قائداعظم کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، مشکل وقت سے نکل چکے، اب پاکستان مسلسل ترقی کرے گا، مافیاز کا واحد مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے، خوشحال ملک دیکھ لیں وہاں قانون کی حکمرانی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا کے دوران پاکستان نے بھارت سے بہتر اقدامات کیے، پہلا سال معاشی استحکام، دوسرا کورونا سے نمٹنے میں گزرا، بینکنگ نظام کو ٹھیک کرنے میں 2 سال لگے، سیمنٹ کی فروخت سب سےزیادہ بڑھ گئی، صنعتوں کو کھڑا کیا، کسانوں کو پیسے دے رہے ہیں، معیشت بہتر ہو رہی ہے، کسانوں کے لیے پیکج لا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک کے دوسرے فیز میں جا رہے ہیں، حکومتی اقدامات سے آئی ٹی کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اب دولت میں اضافہ اور نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وقت ہے، بینکنگ نظام کی وجہ سے ہاؤسنگ سیکٹر اتنا ٹیک آف نہ کرسکا۔
معاشی استحکام کیساتھ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانے کا وقت آ چکا: وزیراعظم
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لودھراں ملتان شاہراہ کی تعمیر سے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا، شاہراہ کی اپ گریڈیشن سے بہاولپور، لودھراں، ملتان مستفید ہوں گے، شاہراہ کے ذریعے ملتان سے بہاولپور کا سفر صرف 45 منٹ میں ہوگا، منصوبے سے ملتان کا بہاولپور سے رابطہ آسان ہو جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے، منصوبے سے جنوبی پنجاب کو بے پناہ فائدہ ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے سیاسی استحکام ہوگا، جنوبی پنجاب تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔