کوئٹہ: (دنیا نیوز) چمن میں مرغی چوک کے قریب دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرلیا، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
جمیعت علماء اسلام نظریاتی کے زیر اہتمام اسرائیلی جارحیت کیخلاف ریلی کے ختم ہوتے ہی موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں موقع پر 6 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ واقع کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کوسیل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے، جن کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کےمطابق دھماکے میں جمیعت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقادر لونی بھی زخمی ہوئے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزیر داخلہ نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جام کمال نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔