کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے زمینداروں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجاً تمام قومی شاہراہوں پردھرنا دے کر ٹرانسپورٹ کا پیہہ جام کردیا۔
بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کی کال پر زمینداروں نے مطالبات کے حق میں یارو پل، ژوب، قلات، کولپور اور تفتان سمیت 22 مقامات پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی، جس کے باعث اندرون ملک سمیت افغانستان اور ایران جانے والی ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام رہا۔
زمینداروں کے احتجاج کے سبب ہر شاہراہ پر کئی کئی کلومیٹر پر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ زمینداروں کا کہنا ہے کہ یہ ان کی ٹوکن پہیہ جام ہڑتال ہے۔
کسانوں کا کہنا تھا کہ رواں سال بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب باغات اور کھیتوں کو بری طرح سے نقصان پہنچ رہا ہے اور تاحال انہیں 250 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ حکومت ان کی بات نہیں سنتی۔ زمینداروں کے احتجاج کے سبب کوئٹہ سے دوسرے شہروں کو جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔