اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تصدیق کی ہے کہ چینی سفیر نونگ رونگ اسی ہوٹل میں قیام پذیر تھے تاہم دھماکے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھے، وہ بالکل خیریت سے ہیں۔
شیخ رشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ دھماکا دشمن کی سازش ہے۔ ملک میں دہشتگردی کی لہر پلاننگ کے تحت آ رہی ہے، یہ انٹرنیشنل ایجنڈا ہے۔
وزیر داخلہ نے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں دہشتگردی کی اطلاعات ہیں۔ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کراچی میں دہشتگردی ہو سکتی ہے۔ اداروں کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کو شکست دے کر ان کو انجام تک پہنچائیں گے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ کوئٹہ دھماکے کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدہد کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے فورسز کو سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ دہشت گردوں نے اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے لیے مقامی ہوٹل کو نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے احسن اقدامات سے بہت حد تک دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں۔
ادھر ڈی آئی جی اظہر اکرم نے بھی تصدیق کی ہے کہ چینی سفیر ہوٹل کے اندر موجود نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے میں پانچ سے چھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہیں۔