اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ اور الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق صدارتی ریفرنس الیکشن کمیشن کو اعتماد میں لیے بغیر جاری کیا گیا، کمیشن نے معاملے پر اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خبریں ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر الیکشن کمیشن نے عید کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو اعتماد میں لیے بغیر صدارتی آرڈیننس جاری کیا ہے۔ انٹرنیٹ ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے تحفظات برقرار ہیں اور انہیں دور نہیں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے صدراتی آرڈیننس سے متعلق عید کے بعد ہونے والے اجلاس میں انٹرنیٹ ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق آرڈیننس کا جائزہ لے گا۔
الیکشن کمیشن جائزہ لے کر وفاقی حکومت کو ایک بار پھر آرڈیننس سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔