خوشاب: (دنیا نیوز) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو دیگر کے مقابلے میں ابھی تک برتری حاصل ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے معظم شیر اور پی ٹی آئی کے علی حسنین میدان میں اترے ہیں۔
پی پی 84 خوشاب کے ضمنی الیکشن میں اب تک 196 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آ چکے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار معظم شیر کلو 60349 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی حسین 49641 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ضمنی الیکشن کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال سنبھالنے کیلئے 2 ہزار 880 پولیس اہلکار اور رینجرز کے 600 جوان سیکیورٹی پر مامور کئے گئے تھے۔
حلقے میں 229 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جن میں سے 14 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے۔ یاد رہے یہ سیٹ ن لیگ کے وارث کلو کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ادھر جمالی بلوچاں کے پولنگ سٹیشن میں غلط ووٹ کا الزام لگا کر مسلم لیگ (ن) کے کارکن کو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا، جس پر دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا، بات ہاتھا پائی تک پہنچی تو پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
ڈی ایس پی انویسٹی گیشن نے صورتحال پر قابو پا کر پولنگ کا عمل 15 منٹ بعد دوبارہ شروع کروایا۔ اسی طرح روڈہ پولنگ سٹیشن پر بھی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی تاہم پولنگ کا عمل جاری رہا۔