پی ٹی آئی کی این اے 249 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر

Published On 06 May,2021 12:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ دھاندلی کی وجہ سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

این اے 249 کراچی سے پی ٹی آئی کے امیدوار امجد آفریدی کی جانب سے وکلاء نے ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن سے پہلے 17 ہزار افراد کے ووٹ دیگر شہروں کو منتقل کئے گئے، من پسند افسران کو محکمہ تعلیم سے پریذائڈنگ افسر لایا گیا، پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار کو جتوانے کیلئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کئی پولنگ سٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو نہیں دیے گئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کالعدم قرار دے۔

پی ٹی آئی کے وکیل عتیق الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دوبارہ گنتی نہیں بلکہ دوبارہ انتخابات چاہتے ہیں، این اے 249 میں پری پول، پولنگ کے دن اور بعد میں دھاندلی ہوئی، درخواست میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں، سندھ حکومت اور نادرا کو فریق بنایا ہے۔