اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عالمی دنیا کو دو ٹوک اور واضح پیغام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے تیار ہے لیکن توہین رسالت ﷺ قانون پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران جی ایس پی پلس سٹیٹس پر یورپی یونین کی قرارداد میں اٹھائے جانے والے نکات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا۔
اس کے علاوہ اجلاس کے دوران جبری گمشدگیوں، صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے مسلم ممالک کے سفیروں نے بھی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ یہ مذاہب کو تقسیم کرنے کا باعث بن رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے جوڑنا نامناسب ہے۔ مقدس شخصیات کی توہین سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچتی ہے۔