اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو مشاورتی عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق مشیرپارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا، دوران گفتگو انہوں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق بین الوزارتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بڑے پیمانے پر مشاورتی عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا اپوزیشن سمیت سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے، ہر قیمت پر انتخابی اصلاحات کے ایجنڈا کو تکمیل تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کے عمل میں وزارت پارلیمانی امور کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا الیکشن کے عمل پر قوم کا اعتماد بحال کریں گے۔ الیکشن میں دھاندلی کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین کی بالادستی سے وابستہ ہے۔ شفاف انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ ماضی میں انتخابات کو شفاف بنانے پر کوئی ٹھوس کام نہیں ہوا۔