اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہم خیال گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین کو سوچی سمجھی سازش کے تحت عمران خان سے دور کیا گیا۔ شہزاد اکبر نے پچاس پریس کانفرنس کیں لیکن نتیجہ زیرو نکلا، عمران خان غیر سیاسی مشیروں کو خود سے دور کریں۔
تفصیل کے مطابق جہانگیر ترین کے زیر صدارت ہونے والے ہم خیال گروپ کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے شہزاد اکبر کو اس کیس سے علیحدہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سیاسی افراد کو اپنی مشاورت میں شامل کریں۔
ہم خیال گروپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ترین کے پارٹی وفادار ساتھی اور اہم اثاثہ ہیں، حکومت سازی میں ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ان کے ساتھ وہ زیادتی کی جا رہی ہے جو ن لیگ نے بھی نہیں کی۔
اجلاس سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان ذرا ہمیں بتائیں کہ شہزاد اکبر کی پارٹی کے لیے خدمات کیا ہیں؟، وہ اس شخص کے کہنے پر مخلص ساتھیوں کو خود سے دور کر رہے ہیں۔
نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جہانگیر ترین کے نہیں بلکہ پی ٹی آئی اور وزیراعظم کے دشمن ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز جو بیان دیا، وہ ایک مخلص ساتھی کا نیہں ہو سکتا۔
اجمل چیمہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی سابق سیاسی وابستگیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہں لیکن ہم آزاد جیت کر آئے تھے۔ تحریک انصاف میں جہانگیر ترین کے کہنے پر شامل ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی میں انصاف کا علم بلند کرنے آئے تھے لیکن حیرت ہے اقتدار تک پہنچانے والوں کے ساتھ نا انصانی ہو رہی ہے، وزیراعظم سیاسی بصیرت سے کام لیں اور پارٹی کو نقصان سے بچائیں۔