اہم سیاسی پیشرفت، وزیراعظم اور جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی ملاقات طے

Published On 26 April,2021 05:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سینئرلیڈرشپ کی کاوشوں سے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے درمیان ملاقات طے پا گئی ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے حامی اراکین اسمبلی منگل کے روز وزیراعظ٘م عمران خان کیساتھ ملاقات کرینگے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل جہانگیر ترین کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، اس سلسلے میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان سے دیرینہ تعلق ہے، ان کیساتھ ایسا رشتہ ہے جو کمزور نہیں ہونا چاہیے، گروپ کی جلد وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر بے بنیاد ایف آئی آر بنائی گئی ہیں، سول کیس کو فوجداری میں تبدیل کر دیا گیا، عدالت سے انصاف ضرور ملے گا، (ن) لیگ نے اپنے دور میں مجھے ٹیکس نوٹسز بھیجے، ہم کسی کمیٹی سے نہیں، وزیراعظم سے ملیں گے، پورے گروپ نے کہا وزیراعظم ہماری بات سنیں اور ملاقات کریں۔

جہانگیر ترین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں وزیراعظم سے ملاقات نہیں کر رہا، میرا ہم خیال گروپ کل وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔