دبئی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا میں نشر ہونے واہی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بھارتی ہم منصب کیساتھ دورہ یو اے ای کے دوران کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کے پچاس سال مکمل ہو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد باہمی تعلقات بہتر کرنا تھا۔ کل متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی۔
اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قابلِ مسرت بات یہ ہے کہ کورونا عالمی وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کیساتھ ہمارے دو طرفہ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ میرے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور اپنی محنت اور لگن سے یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔