پاکستان علاقائی روابط کی پالیسیوں کو فروغ دے رہا ہے، وزیر خارجہ

Published On 14 April,2021 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے معاشی سفارتکاری اور علاقائی روابط کی پالیسیوں کو فروغ دے رہا ہے۔

اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ہم نے جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل دیا ہے۔ کورونا کی عالمی وبا نے دنیا کی مضبوط اور طاقت ور ترین معیشتوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں دیر پا امن کے قیام اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے میں اپنا کردار ادا کر نا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عمل سمیت علاقائی امن اور استحکام کے لیئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لئے جیو اکنامک لوکیشن، علاقائی روابط بڑی صارف مارکیٹ اور ہنر مند نوجوانوں کے لئے مواقع موجود ہیں۔

انھوں نے یہ بات انویسمنٹ فیڈ2021کے افتتاح کے موقع پر کہی۔اس میلے کاا ہتمام اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی امور کے شعبے نے آج نیو یارک میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری اب پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اس حوالے سے جیو اکنامکس پر بھر پور توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کاروبا ر میں آسانیاں دینے کے حوالے سے درجہ بندی میں پاکستان کی متاثر کن ترقی اس بات کی عکاس ہے کہ حکومت کی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔