اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مطالبہ کرنا ہر کسی کا حق ہے، مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے، پرتشدد احتجاج کرکے ریاست کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی رہنماوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا وہ قابل تحسین ہے، مطالبہ کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں پر فخر ہے، پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباو میں نہیں لایا جا سکتا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کو تحریک لبیک پر پابندی کے معاملے پر علمائے کرام کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتوں اور علما کا احترام کرتے ہیں لیکن مذہب کے نام شدت پسندی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے اہم فیصلوں میں علما ومشائخ کو اعتماد میں لیا۔ ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر نور الحق قادری نے علمائے کرام اور مشائخ کو افطار پر مدعو کریں گے جس میں انھیں تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔