اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی، کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی، وزیراعظم عمران خان ٹی ایل پی پر پابندی کے مسودے کو پہلے ہی منظور کر چکے تھے۔ رپورٹ کے مطابق سمری میں کہا گیا تھا کہ تحریک لبیک کے کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں پُرتشدد کارروائیاں کی گئیں جن میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ حکومت کی جانب سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتار اور 115مقدمات درج کیے گئے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد میں تحریک لبیک کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف آج مزید 7 مقدمات درج کئے گئے ہیں،ان مقدمات میں پولیس اہلکاروں پر حملے، کارسرکار میں مداخلت اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔