پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں، پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے: شیری رحمان

Published On 07 April,2021 03:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں، سی ای سی اجلاس میں سوچیں گے کیا جواب دینا ہے، چاہتے ہیں گفت و شنید کے ذریعے بات کی جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیشن کے ماحول میں جمہوری اتحاد نہیں چلتے، پیپلزپارٹی کی 21 رکنی اکثریت کی بنیاد پر ہی قائد حزب اختلاف سینٹ بنایا گیا، کون ہی ڈی ایم میں دراڑیں ڈال رہا ہے ؟ چیئرمین بلاول پی ڈی ایم کے بانی ہیں، ایک دوسرے پر تنقید پی ڈی ایم سے نہیں ہونی چاہئے تھی، ہمیں چارج شیٹ قطعی قبول نہیں، پی ڈی ایم ایک اتحاد ہے، ہم نے پبلک میں پوچھا پنجاب میں کیسے سب بلا مقابلہ سینیٹر ہوگئے؟۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ سرکار کو ہٹانا بہت ضروری ہے، انہوں نے ملک کے تمام ادارے تباہ کر دیئے، ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، عمران حکومت جھونکے کی طرح گرنے والی ہے، جمہوریت میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، مسلم لیگ ن جس نہج پر اتحاد کو لے آئی ہے وہ سوچے کہ ہم کس کو ہدف بنانا چاہتے ہیں، ہم تو لانگ مارچ کے لئے تیار تھے، استعفوں پر بات کرنے کو تیار تھے۔