ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
انہوں نے آج ملتان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث مقبوضہ وادی کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے بھارت کے غیرقانونی اقدام کے باعث خطے کی صورتحال پیچیدہ اور غیریقینی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہربین الاقوامی فورم پر اٹھایا ہے اور وہ اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقین کے پاس خطے میں امن و استحکام کے قیام کا واحد راستہ مذاکرات ہیں کیونکہ دونوں ملک ایٹمی قوت ہیں اور وہ جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا چاہتا ہے تو اسے اس کیلئے سازگار ماحول قائم کرنا ہوگا۔