اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کوششیں بروئے کار لاتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوشنبے میں منعقدہ نویں “ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس ” کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کے مابین ملاقات ہوئی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے قیام نے دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے ۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ،سمجھتا ہے کہ افغان مسئلے کا دیر پا اور مستقل حل، افغان قیادت میں جامع سیاسی مذاکرات میں مضمر ہے۔پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کوششیں بروئے کار لاتا رہے گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے نویں ہارٹ آف ایشیا ۔استنبول پراسس کانفرنس”کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کیلئے خوش آئند قرار دیا ۔
وزیر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر ترکی کی جانب سے مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے مظلوم کشمیریوں کیلئے حوصلے کا باعث قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسس کا آغاز ،ترکی کی قیام امن کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کا مظہر ہے۔ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن وسلامتی کیلئے کی جانے والی تمام کاوشوں میں ترکی کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔