پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت نے کورونا ایس او پیز میں ردوبدل کرتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کو تمام بازار بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کو کھانے پینے اور ادویات کی دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔ ردوبدل کا فیصلہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ روز ملک بھر میں اس موذی مرض کے ہاتھوں مزید 63 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 28 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 946 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 5 ہزار 314، سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 815، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 787، بلوچستان میں 19 ہزار 395، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 977، اسلام آباد میں 53 ہزار 684 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 16 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 99 لاکھ 34 ہزار 373 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 858 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 88 ہزار 975 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 587 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 63 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 28 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 99، سندھ میں 4 ہزار 482، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 246، اسلام آباد میں 554، بلوچستان میں 205، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 339 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔