کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے، صوبے میں گزشتہ روز 93 افراد جبکہ مجموعی طور پر اب تک 23 ہزار 2 سو 77 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کوویڈ 19 ویکسین آپریشن سیل کے مطابق بلوچستان کے 33 اضلاع میں ہیلتھ ورکرز اور معمر افراد میں ویکسین لگائی جا رہی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں سے 15 ہزار 5 سو 53 کو ویکسین کی پہلی ڈوز جبکہ 7 ہزار ایک سو 39 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کی دوسری ڈوز لگائی گئی۔
دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں اب تک 5 سو 85 افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 23 ہزار 2 سو 77 افراد کو بلوچستان میں ویکسین لگائی جا چکی ہے۔