احتساب عدالت کا لیگی صدر شہباز شریف کو کورونا ویکسین لگوانے کا حکم

Published On 25 March,2021 01:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو کورونا ویکسین لگوانے اور میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے، نیب کے گواہ تنویر حسین کے بیان پر جرح کی گئی۔ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ اس سال 70 سال کا ہو جاؤں گا، کورونا ویکسین لگوانا میرا حق ہے۔ عدالت نے ہوم سیکرٹری کو 2 روز میں شہباز شریف کی ویکسین کروانے کی ہدایت کر دی۔

شہباز شریف نے عدالت کو مزید بتایا کہ میرے میڈیکل بورڈ اور میڈیکل رپورٹس آپ کے حکم پر ہوئی مگر ایک ماہ پہلے میڈیکل بورڈ آیا تھا، ٹیسٹ وغیرہ ہوئے تھے، آج تک میرے ٹیسٹوں کی رپورٹس مجھے فراہم نہیں کی گئیں۔ احتساب عدالت نے لیگی صدر کو میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔