اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکہ لگوا لیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ دنوں ویکسین لگوائی تھی۔
کورونا ویکسین لگوانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے، پہلے مرحلے میں ساٹھ سال اور اس سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ نے کورونا ویکسین لگوا لی
صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن گزشتہ دنوں کروائی تھی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اپنی اہلیہ کے ہمراہ کورونا کی ویکسین لگوانے کوویڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی اسلام آباد پہنچے جہاں انھیں وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی لیکن پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔ میں نے 1166 پر رجسٹر کیا اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں۔ کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنانے سے معاشی نقصان کم ہوا۔