کراچی: (دنیا نیوز) یوم پاکستان پر گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ عمران اسماعیل اور مرادعلی شاہ نے بابائے قوم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر تجدید عہد وفا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ جناح کا تصور پاکستان درست تھا، عمران خان کی قیادت میں قائداعظم کے نقش قدم پر پاکستان کو لیجا رہے ہیں، پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلی سندھ نے بھی بانی پاکستان محمدعلی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے 73 کے آئین کے تحت ہمیں آگے بڑھنا ہے، ہمیں خاص طور پر اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے ہی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، ہمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا، آج کے دن تحریک پاکستان کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ مل کر تمام مسائل پر قابو پایا جائے۔