ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی مستقل صحت تندرستی اور کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق خادم الحرمین الشریفن اور ولی عہد کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام کیبل کے ذریعے بھجوایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت، مودی سمیت دیگر شخصیات کا نیک تمناؤں کا اظہار
خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔
دوسری طرف سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے دل اور دعائیں انکے ساتھ ہیں۔
پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
امریکی سفارتخانے نے ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں، ہماری نیک تمنائیں عمران خان اور ان کی فیملی کے ساتھ ہیں۔
پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے ٹویٹر پر لکھا کہ ہم وزیراعظم عمران خان سے فوری اور مکمل صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری نے ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، میری دعائیں وزیراعظم اور ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان کی جلد صحت یابی اور شفاء کے کے لیے دعا گو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ میں تازہ تصویر سامنے آگئی
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ کے دوران کی تازہ تصویر سامنے آگئی ہے جسے معاون خصوصی شہباز گل نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے عوام کی دعاؤں سے وزیراعظم صحت مند ہیں، آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی قیمت نہیں ہوتی، آزاد وہ ہوتا ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔