ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی قتل سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے مفروضوں اور غلط معلومات پر مبنی قرار دے دیا۔
سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی کانگریس میں پیش کردہ رپورٹ میں سعودی قیادت سے جھوٹے، ناقابل قبول مفروضے منسوب کیے گئے۔ رپورٹ میں بیان کردہ معلومات غلط ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت واقعہ کو مکروہ جرم، ریاست کے قوانین اور اقدار کی سنگین خلاف قرار دے چکی ہے، چند افسران نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے یہ جرم کیا۔ ان افسران کیخلاف آزادانہ تحقیقات اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ۔ جرم ثابت ہونے پر مجرمان کو سزا دی گئی ۔ جسےمرحوم خاشقجی کے اہلخانہ نےسراہا۔