وزیراعظم کے بیان پر پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے: وفاقی وزراء

Published On 05 March,2021 03:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بیان پر پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے، ادارے اپنی غیر جانبداری پریس ریلیز سے ظاہر نہیں کرتے، الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزیر فواد چودھری اور بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پچھلے کئی ماہ سے شفاف انتخابات پر زور دے رہی تھی، وزیراعظم نے ملک کے سب سے اہم مسئلے کو اٹھایا تھا، الیکشن میں پیسے کے استعمال کا کلچر بنایا گیا، عوامی مفاد پر پیسے کو ترجیح دی گئی، 1985 سے پیسے کا کلچر آیا، غیر جماعتی انتخابات ہوئے، الیکشن میں شفافیت سے پارلیمنٹ کے ایوان کا وقار بڑھے گا، انتخاب جمہوریت کی بنیاد ہے، الیکشن شفاف ہوں گے تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دھونس، غنڈہ گردی کا کلچر متعارف کرانے کا اعزاز دونوں جماعتوں کو جاتا ہے، جس دن سے نواز شریف اینڈ کمپنی سیاست میں گھسے، پیسے کا استعمال بڑھا، کرپشن کو فروغ دینے کا اعزاز مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن محترم ہے اور رہے گا، الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، وزیراعظم نے کہا الیکشن شفاف بنانے کی ذمہ داری پوری نہ ہوسکی، عمران خان کے بیان پر پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ کہا انتخابات میں ادارے غیر جانبدار ہوں، ناصر شاہ کی آڈیو میں صاف سنائی دے رہا ہے کہ 12 کروڑ لے لیں، مریم نواز نے تقریر میں کہا پیسہ نہیں، ن لیگ کا ٹکٹ چلا۔