قوم سے خطاب میں کپتان نے عوام کا اعتماد حاصل کرلیا: فردوس عاشق اعوان

Published On 05 March,2021 11:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم سے خطاب میں کپتان نے عوام کا اعتماد حاصل کرلیا، پیسے کے زور پر سینیٹ کی ایک سیٹ جیتنے والا کرپٹ ٹولہ تحریک عدم اعتماد سے وزیراعظم کو بلیک میل کرنا چاہتا تھا۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب جب مخالفین نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی، کپتان ڈٹ کر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آیا، کپتان نے حقیقی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خود اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہوس اقتدار سے آزاد، سچا، نڈر اور بہادر لیڈر روایتی کرپٹ سیاستدانوں کو کسی طور قبول نہیں، لیکن تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں خدمت کے مقصد کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھے گی۔