2023 تک جنوری فروری مارچ آتے رہیں گے، حکومت قائم رہے گی: گورنر پنجاب

Published On 07 January,2021 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ 2023 تک جنوری فروری مارچ آتے رہیں گے، حکومت قائم رہے گی، پی ڈی ایم کے استعفوں سے حکومت نہیں ان کی اپنی اسمبلی رکنیت ختم ہوگی۔

گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کو 2023 کے عام انتخابات کے انتظار کا مشورہ دیا۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف اور بلا تفریق احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مسائل کا حل مذاکرات ہیں، لانگ مارچ اور دھرنے نہیں، موجودہ حکومت ملک میں شفافیت اور میرٹ کو حقیقی معنوں میں یقینی بنا رہی ہے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی ذمہ داری حکومت ہر صورت پوری کرے گی۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ عوام اپوزیشن نہیں حکومت کے ملکی ترقی کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آج کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے جو مخالفین کو برداشت نہیں ہو رہا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور شفاف احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں گے نہ ہی 2023 سے پہلے الیکشن ہوں گے، پی ڈی ایم کا ایجنڈہ ملکی و قومی مفادات کا تحفظ نہیں صرف اپنا بچاؤ ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کسی صورت خوفزدہ نہیں ہوگی۔