لاہور: (ویب ڈیسک) فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز سے باکسنگ مقابلے کا چیلنج قبول کر لیا ہے۔ یہ چینلج انھیں مشہور باکسر عامر خان نے دیا تھا۔
یہ واقعہ لاہور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا جہاں باکسر عامر خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بھی فردوس عاشق اعوان اپنی لفظی مکہ بازی سے اپنے سیاسی مخالفین کو لتاڑ رہی تھیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ‘’قانونی پنچ’’ نے اشتہاری کو سیاست سے باہر نکال دیا۔ انہوں نے سینیٹ الیکشن عمران خان کا چھکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو اپوزیشن کی گراؤنڈ سے باہر گیا لیکن سیاسی مخالفین، وہ گیند اب تک ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے دوران پریس کانفرنس کرکٹ کی بہت سی اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یارکر مار کر اپوزیشن کی مڈؒ سٹمپ اڑا دی۔ اپوزیشن بغیر پریکٹس مقابلے میں اتری اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئی، اسے چاہیے آئندہ مقابلے میں اترنے سے پہلے وارم اپ میچ کھیلے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مقابلے کیلئے ہم پلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ‘’راجکماری’’، کنیز اول اور دوم ، پاؤنڈ کیٹگری میں نہیں آتیں، برائلر مرغیاں کیسے مقابلہ کریں گی ؟ وہ تو پہلے پنچ پر ناک آوٹ ہو جائیں گی۔
اس موقع پر پاس بیٹھے باکسر عامر خان فردوس عاشق اعوان کی سیاسی فقرہ بازی سے ہسنتے رہے۔ صورتحال اس وقت انتہائی دلچسپ ہو گئی جب انہوں نے معاون خصوصی کو چیلنج دیا کہ کیا وہ مریم نواز شریف سے باکسنگ کا مقابلہ کریں گی جس کا جواب دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے مسکراتے ہوئے اسے قبول کر لیا۔