لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک طرف لوگ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن الیکشن اصلاحات میں ساتھ نہیں دیتے۔
لاہور میں لیگی رہنما مریم نواز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی کمائی پر ڈکار مار کر ظل سبحانی لندن بیٹھے ہیں۔ شاہی خاندان کی ‘’راجکماری’’ سے جمہوریت کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ راجکماری نے اپنے زہر آلود بیانیے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ میں ان کے زہر آلود بیانیے کی مذمت کرتی ہوں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شاہی محل میں بیٹھ کر ایک دفعہ پھر راجکماری نے جھوٹ کے انبار لگائے۔ ڈھائی سال بعد انہیں دھاندلی یاد آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر نے کوئی ٹی ٹیز نہیں بھجوائیں۔ عمران خان عدالتوں کے اشتہاری اور مفرور نہیں ہیں۔ کرپشن کے میڈل شریف خاندان کو ملے ہیں۔ عمران خان اپنے خاندان کو نوازنے کے لیے پالیسیاں نہیں بناتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو خاندانی جماعتوں کی باریوں کے نظام کو تہس نہس کیا۔ مریم نے اقتدار کا نام جمہوریت رکھا ہوا تھا۔ پڑھے لکھے لوگوں نے شاہی خاندان کو سمندر برد کرکے عمران پر اعتماد کیا۔
مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محترمہ کہتی ہیں کہ ہمارے ایم این ایز منہ دکھانے کے قابل نہیں، محترمہ! ہمارا لیڈر صادق اور امین ہے۔ دوسری طرف عدالت سے نواز شریف کو تصدیق شدہ جھوٹے اور دغا باز کا سرٹفیکیٹ ملا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مریم نواز بتائیں گی کہ ضمانت پر ہوتے ہوئے جاتی امرا میں بیٹھ کر ٹویٹر اکاؤنٹ کیوں بند کیا تھا؟ وہ بتائیں کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن میں خاموشی کا روزہ کیوں رکھا تھا؟
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گیارہ جماعتوں کے بے روزگار ٹولے نے سینیٹ الیکشن اصلاحات سے لاتعلقی کی۔ ایک طرف آپ لوگ ووٹ کو عزت دوکا نعرہ لگاتے ہیں اور الیکشن اصلاحات میں ساتھ نہیں دیتے۔
ان کا کہنا تھا ابھی تو عمران خان نے شو آف ہینڈ کا ذکر کیا اور آپ تڑپ اٹھی ہیں۔ چھانگا مانگا کی سیاست کا آغاز ظل سبحانی نے کیا تھا۔ عمران خان چھانگا مانگا اور بریف کیس کی سیاست کو دفن کرنے جا رہے ہیں۔