کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد انتظامیہ ایکشن میں آگئی۔ شہر کے ضلع غربی اور ضلع کیماری کے مختلف علاقوں میں اگلے 2 ہفتے تک مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا۔
ضلع غربی کے دو سب ڈیوژن منگوپیر اور اورنگی کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا جبکہ ضلع کیماڑی کے سب ڈویژن بلدیہ، کیماڑی اور سائٹ میں بھی سمارٹ لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع غربی میں کیسز کی تعداد 93 اور ضلع کیماڑی میں 70 کیسز ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاوُن کے دوران متاثرہ علاقوں میں ہر قسم کی اجتماعی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ مکینوں کو حکومتی کی جانب سے بتائی گئیں ایس او پیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنر جنوبی کے حکم پر سخت ایکشن لیتے ہوئے انتظامیہ نے معروف نہاری ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا جبکہ لیاری میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تین بینکوں کو جرمانے عائد کیے گئے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 83 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 164 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار 494 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 972 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار 122، سندھ میں 2 لاکھ ایک ہزار 80، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 21، بلوچستان میں 17 ہزار 868، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 810، اسلام آباد میں 35 ہزار 700 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 893 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 62 لاکھ 16 ہزار 60 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 171 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 99 ہزار 852 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 447 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 164 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 522، سندھ میں 3 ہزار 270، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 511، اسلام آباد میں 385، بلوچستان میں 177، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 200 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔