واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کورونا وائرس کا شکار شخص سے ملاقات کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا ہے، ان سے ملاقات کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ وبا کو کنٹرول کرنے والے ادارے کی ہدایات پر وزیرِ خارجہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
ادھر امریکا بھر میں گذشتہ روز مہلک وائرس سے ریکارڈ تین ہزار پانچ سو اڑتیس افراد ہلاک ہو ئے اور دو لاکھ اڑتالیس ہزار چھے سو چھیاسی کورونا کے مزید مریض سامنے آئے۔ وبا سے اب تک 3 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ مرض کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 73 لاکھ 94 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔