ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا۔ ریاض کے ویکسین سنٹر میں لوگوں کو انجکشن لگائے گئے۔ سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بھی ویکسین لگوائی۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے اقدامات، ریاض کے کوویڈ 19 ویکسین سینٹر میں پہلے سعودی شخص کو ویکسین لگائی گئی۔ سعودی وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ویکسین لگانے کے مرکز کا دورہ کیا اور خود بھی ویکسین لگوائی۔
سعودی عرب میں ویکسین تین مراحل میں لگائی جا رہی ہیں، پہلے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد، طبّی عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کو ترجیح دی جائے گی۔ موٹاپے کا شکار افراد ذیابیطس، دمے، گردے اور دل کے دائمی عارضے کا شکار افراد کو بھی پہلے مرحلے میں ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور پہلے مرحلے میں شامل نہ ہونے والے افراد شامل ہوں گے۔ تیسرے مرحلے میں باقی بچ جانے والے افراد یا ویکسین لگوانے کے خواہاں کسی بھی فرد کو انجکشن لگایا جائے گا۔
ویکسین حکومت کی جانب سے مفت لگائی جارہی ہے۔ کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین کی پہلی کھیپ گذشتہ روزسعودی عرب پہنچی تھی۔