تبدیلی سرکار جنوری تک کی مہمان ہے، بلاول بھٹو زرداری کی پیشگوئی

Published On 22 November,2020 05:13 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیشگوئی کرتے ہوئے دعویٰ کا ہے کہ حکومت صرف جنوری تک کی مہمان ہے۔ آج کا جلسہ ریفرنڈم، عوام نے فیصلہ سنا دیا، اب حکمرانوں کو گھر جانا ہی پڑے گا

پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خینر پختونخوا سرزمین غیرت مندوں اور بہادروں کی سرزمین ہے، یہاں کی عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ پورے خیبر پختونخوا کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو گھر بھیجا جائے۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ یہ لوگ یہ گڈ اور بیڈ طالبان کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ خیبر پختوںخوا کے عوام کو بے آسرا چھوڑ دیا گیا۔ ہم دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سب کے لیے ایک قانون نہیں ہوگا، تب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ بجلی، چینی، گیس، سبزیاں، آلو اور مرغی کے گوشت سمیت سب کچھ مہنگا ہے۔ غریب عوام جائے تو کہاں جائے۔ سلیکٹڈ کی نالائقی کی وجہ سے ملک میں بجلی آٹا اور چینی کا بحران ہے۔ ملک میں تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نالائقی کا بوجھ بھی عوام اٹھا رہے ہیں۔

سلیکٹڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات نہیں تھی۔ سوات اور جنوبی وزیرستان میں پاکستان کا پرچم جمہوریت کی وجہ سے لہرا رہا ہے۔ یہاں کے عوام نے ملک کی حفاظت کے لیے جان کی قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر جلسے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں تمام حاضرین سے معذرت چاہتی ہوں کہ میں آج زیادہ بات نہیں کر سکتی کیونکہ میری دادی کا لندن میں انتقال ہو گیا ہے۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ ان کی مغفرت کیلئے دعا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ میرے والد میاں نواز شریف کیلئے بھی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انھیں صحت عطا فرمائے۔