انتخابی نتائج سامنے آنے میں تاخیر کیوں ہوئی؟ بلاول کی چیف الیکشن کمشنر پر کڑی تنقید

Published On 19 November,2020 06:16 pm

گلگت: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج میں تاخیر پر چیف الیکشن کمشنر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج سامنے آنے میں تاخیر کیوں ہوئی؟ عوام نے وفاق کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سب سے زیادہ ووٹ لئے، سازش کے تحت خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے۔ الیکشن کمشنر اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات سامنے لائیں۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کا کیس عوام کے سامنے لے کر جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 دسمبر کو جی بی 3 پر پولنگ ہے، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں قیام میں توسیع کرتے ہوئے مصروفیات کی وجہ سے اسلام آباد روانگی منسوخ کر دی ہے۔