گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سڑکوں پر آ کر احتجاج شروع کر دیا ہے۔ کارکنوں نے آر او آفس کے باہر بھی دھرنا دے دیا، ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کر دیا گیا۔
ضلع غذر میں یاسین کے مقام پر گلگت سے آنے والی شاہراہ پر مظاہرین دھاندلی کے خلاف دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔ خبریں ہیں کہ احتجاج میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں مظاہرین شریک ہیں۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی تنظیمیں منگل کو انتخابات میں وفاقی حکومت کی مداخلت اور الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے خلاف مظاہرے کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو گلگت بلتستان میں ووٹ چوروں کے خلاف عوام کے احتجاجی اجتماع میں شریک ہوں گئے۔ گلگت میں ہزاروں شہریوں کا احتجاجی اجتماع حکومتی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ پارٹی عہدیدار اور کارکن احتجاج کے دوران کورونا احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مینڈیٹ چوری کیا گیا، جہاں جہاں دھاندلی ہوئی وہاں وہاں احتجاج ہوگا: بلاول بھٹو
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ مینڈیٹ چوری کر کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، جہاں جہاں دھاندلی ہوئی وہاں وہاں احتجاج ہوگا، جیتی ہوئی نشستیں واپس لینے تک ڈٹے رہیں گے، گلگت بلتستان کو کٹھ پتلیوں کے حوالے نہیں کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے لوگوں پر دباؤ ڈالا گیا، آپ کے ووٹ کا تحفظ الیکشن کمیشن کا کام تھا۔ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے خلاف تقریر کرتے ہیں۔ بیلٹ باکس کی چوری کی گئی۔ آپ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کر سکتا، آپ کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہوں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو کٹھ پتلیوں، سلیکٹڈ کے حوالے نہیں کریں گے۔ ان کو پتا تھا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں زیرو ہے۔ کٹھ پتلیوں کو اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس تو وزیراعلیٰ کا امیدوار بھی نہیں ہے۔ ہم اپنی انتخابی مہم اور احتجاج جاری رکھیں گے۔ انصاف نہ کیا گیا تو احتجاج کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑیں گے۔ ہم بھی جذباتی فیصلے کرتے ہیں۔ انتہائی فیصلے پر مجبور نہ کریں، آپ سے چھینی گئی سیٹیں واپس لیں گے۔