لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ پوری ریاستی طاقت کے باوجود سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنا شرمناک ہے، ہارنے والوں کو 'لوٹا پارٹی' سے دگنی سیٹوں کا ملنا کٹھ پتلی پر عوام کا عدم اعتماد ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی میں پی ٹی آئی کا پہلے کوئی وجود تھا نہ اب ہے، ان کو بھیک میں ملنے والی چند سیٹیں دھاندلی اور سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں، حکمران جماعت کو پہلی بار ایسی شکست فاش ہوئی، حکمرانوں کی یہ شکست آنیوالے دنوں کی کہانی سنا رہی ہے۔
گلگت بلتستان میں انتخابات حکومت کی فتح پر مریم نواز کا کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا پنجاب اور وفاق کی طرح سادہ اکثریت نہ ملنے کے باوجود تمھیں بیساکھیاں فراہم کر کے حکومت تو بنوا دی جائے گی، لیکن اس آئینے میں اپنا چہرہ ضرور دیکھو، جو گلگت بلتستان کے عوام نے تمہیں دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے بہادر لوگو ! اس دھاندلی سے ہمت نہیں ہارنا، ریت کی یہ دیوار گرنے والی ہے، کٹھ پتلی کا کھیل ختم ہونے کو ہے۔
مریم نواز نے گلگت بلتستان کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا شکریہ گلگت بلتستان جنھوں نے میرا بھر پور ساتھ دیا اور دنیا کو دکھا دیا کہ عوام مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے ساتھ کس طرح کھڑے ہیں، وہ جلسے نہیں، اس جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم تھے، وہ مناظر پوری دنیا نے دیکھے۔