کوئٹہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ عوام کی حاکمیت کا سورج طلوع ہونے اور کٹھ پتلیوں کا کھیل ختم ہونے کو ہے۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے آغاز میں انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مکروہ اقدام سے تمام امت مسلمہ کے دل دکھی ہیں، اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہیں۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے ہمارے جذبات بری طرح مجروع ہوئے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی طرح بلوچستان کے طلبہ بھی مجھے عزیز ہیں۔ اس بات پر افسوس ہے کہ بلوچ طلبہ کی سکالرشپ ختم کر دی گئی۔ اس کیخلاف سردی میں بلوچ طلبہ نے احتجاج کیا لیکن کسی کو رحم نہیں آیا۔ امید ہے کہ حکمرانوں کو رحم آئے گا اور سکالرشپس بحال ہوں گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ عوام کے ووٹ کوعزت دو، آئین کا احترام کرو لیکن کیا 72 سالوں میں ان کی اس بات پر عمل ہوا؟ کیا آئین کا احترام کیا گیا؟ کیا عوامی نمائندوں کو پالیسیاں بنانے اور ان کا حکم مانا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔ ریاست سے اوپر ریاست اور جعلی حکومتیں نہ بنائی جائیں۔ ملک کیلئے پالیسیاں بنانا عوامی نمائندوں کا کام ہے۔ 72 سال ہو گئے لیکن قائداعظم کی بات پر عمل نہیں کیا گیا۔