کوئٹہ: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور امیر جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کاجلسہ ہرصورت ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، ہم نے اس نالائق حکومت کو گھر بجھوانا ہے، یہ ایک ناجائز، نااہل اور نالائق حکومت ہےجسے مسلط کیا گیا، عوام کی کرب اور چیخ و پکار حکومت تک نہیں پہنچ رہی تو یہ بہرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق کوئی تھریٹ نہیں ہے، اگر ہو بھی تو ہمیں کوئٹہ میں جلسہ کرنا ہے، کسی لیڈر کے نہ آنے سے پی ڈی ایم اتحاد پر فرق نہیں پڑےگا، ہمارا ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت 2 سالوں سے نا اہلی کامظاہرہ کررہی ہے۔
ان کا مزیدکہنا تھاکہ اگر کوئٹہ میں کوئی تھریٹ ہے تو اس سےنمٹنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، کوئٹہ کاجلسہ ہر صورت میں ہوگا، اگرحکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تووہ گھرچلی جائے۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونا ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔
نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔