کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے بہت زیادہ تھریٹس موجود ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اے کے حوالے سے حکومتی انتظامات بارے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسے میں شرکت کے لئے آنے والے تمام رہنماؤں کو ہر قسم کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ جو سیاسی قیادت سڑک کے ذریعے آئے گی، ان کی سیکیورٹی کے لئے متعلقہ ڈی سیز کو کہہ دیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے بلوچستان میں دہشت گردی کے لئے بہت پیسہ خرچ کیا لیکن ہماری فورسز نے ان کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما جلسے میں عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے سے گریز کریں اور کوئی ایسی بات نہ کریں سے جس سے دشمن خوش ہو۔ کورونا پھر سے زور پکڑ رہا ہے، جلسے میں ایس اوپیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے کا پلان کل ایشو کیا جائے گا۔ گیارہ جماعتیں اکھٹی ہونگی، لوگ تو کچھ ضرور جمع کریں گے، مگر اتنے لوگ نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے کوئی غیر قانونی بات نہ کریں جس سے نفرت پھیلے۔ ملک اور اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔ حکومت کو جلسہ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔